06/10/2026
اور اگر کسی دن دنیا کے تمام سہارے تم پر تنگ ہو جائیں، تو اللہ کا سہارا ہمیشہ باقی رہتا ہے، وہ کبھی تنگ نہیں ہوتا۔
زندگی میں کچھ وقت ایسے بھی آتے ہیں جب انسان کو لگتا ہے کہ ہر دروازہ بند ہوگیا ہے۔ جن لوگوں سے امید تھی وہ ساتھ نہیں، جن راستوں پر بھروسا تھا وہ ختم ہوگئے، دعائیں مانگتے مانگتے دل تھک گیا اور حالات بدلتے ہوئے دکھائی نہیں دیتے۔
دنیا کے سہارے ختم ہوسکتے ہیں، اللہ کا سہارا نہیں۔
لوگ آپ کا ہاتھ چھوڑ سکتے ہیں، حالات آپ کے خلاف ہوسکتے ہیں، آپ کے بنائے ہوئے منصوبے بکھر سکتے ہیں، لیکن اللہ کی رحمت کا دروازہ کبھی بند نہیں ہوتا۔
حضرت یوسفؑ کے لیے کنواں اختتام دکھائی دیتا تھا، مگر وہیں سے محل تک پہنچنے کا سفر شروع ہوا۔
حضرت موسیٰؑ کے سامنے سمندر تھا اور پیچھے فرعون کا لشکر، بظاہر کوئی راستہ نہیں تھا، مگر جہاں انسانی نگاہ کو راستہ نظر نہیں آیا، وہاں اللہ نے سمندر میں راستہ بنا دیا۔
اس لیے زندگی کے کسی موڑ پر خود کو بے سہارا محسوس کریں تو یاد رکھیے:
آپ کو ہر وقت یہ جاننا ضروری نہیں کہ راستہ کہاں سے نکلے گا، اتنا یقین کافی ہے کہ راستہ نکالنے والا اللہ ہے۔
کچھ فیصلے اللہ پر چھوڑ دیجیے۔
کچھ بوجھ سجدے میں رکھ دیجیے۔
اور کچھ دعاؤں کے جواب کے لیے صبر کیجیے۔
کیونکہ جب سارے سہارے چھوٹ جائیں، تب بھی ایک سہارا باقی رہتا ہے۔
اور جسے اللہ کا سہارا مل جائے، وہ حقیقت میں کبھی بے سہارا نہیں ہوتا۔
گونج
ڈاکٹر عفان قیصر