10/04/2026
بچوں کے ہاتھ میں موبائل: سہولت یا مصیبت؟ اب پریشانی چھوڑیں اور کنٹرول سنبھالیں!
تحریر: محمد رضوان کمبوہ
السلام علیکم!
گزشتہ پوسٹ میں، میں نے مختصراً ذکر کیا تھا کہ کیسے آپ اپنے بچوں کے موبائل استعمال کرنے کے وقت اور مواد کو کنٹرول کر سکتے ہیں۔ آپ دوستوں کی بھرپور دلچسپی اور فرمائش پر آج اس بہترین ایپ "Google Family Link" کی مکمل تفصیل، فیچرز اور اسے سیٹ اپ کرنے کا طریقہ شیئر کر رہا ہوں۔
یاد رکھیں، یہ کوئی عام ایپ نہیں بلکہ گوگل کی آفیشل ایپ ہے، جس کا مقصد بچوں کو ڈیجیٹل دنیا میں محفوظ رکھنا ہے۔
اس ایپ کو استعمال کر کے آپ اپنے موبائل پر درج ذیل کام کر سکتے ہیں:
1۔ وقت کی پابندی (Daily Limit): آپ طے کر سکتے ہیں کہ بچہ دن بھر میں کل کتنے گھنٹے موبائل استعمال کرے (مثلاً روزانہ 2 گھنٹے)۔ جیسے ہی وقت پورا ہوگا، موبائل خود بخود لاک ہو جائے گا۔ آپ ہفتے کے ہر دن کی علیحدہ علیحدہ سیٹنگ بھی کر سکتے ہیں۔ یہ فیچر Pic 1 میں دیکھایا گیا ہے۔
2۔ سونے کا وقت (Bedtime): آپ رات کا وقت سیٹ کر سکتے ہیں (مثلاً رات 9 سے صبح 7 بجے تک)۔ اس دوران موبائل مکمل لاک رہے گا تاکہ بچے کی نیند متاثر نہ ہو۔ یہ فیچر Pic 2 میں دیکھایا گیا ہے۔
3۔ ایپ کنٹرول: بچہ پلے اسٹور سے کوئی بھی ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کی کوشش کرے گا تو پہلے آپ کے موبائل پر نوٹیفکیشن آئے گا۔ جب تک آپ 'Approve' نہیں کریں گے، ایپ انسٹال نہیں ہوگی۔ Pic 3
4۔ ایپس پر انفرادی پابندی: اگر آپ چاہتے ہیں کہ بچہ یوٹیوب صرف 30 منٹ دیکھے یا کوئی خاص گیم صرف ایک گھنٹہ کھیلے، تو آپ ہر ایپ کا الگ وقت بھی مقرر کر سکتے ہیں۔ Pic 4
5۔ لوکیشن ٹریکنگ: آپ کا بچہ اس وقت کہاں ہے؟ آپ نقشے پر اس کی لائیو لوکیشن دیکھ سکتے ہیں۔آپ کو یہ بھی دکھ جائے گا کہ بیٹری کتنے فیصد چارج ہے۔ اس کے علاوہ آپ اپنے گھر بچے کے سکول یا کسی بھی جگہ کو سیٹ کر سکتے ہیں بچہ جب اس جگہ میں جائے گا یا اس جگہ سے نکلے گا آپ کو نوٹیفکیشن آ جائے گا۔ جیسے بچہ گھر پہنچے گا آپ کو نوٹیفکیشن آ جائے گا کہ بچہ گھر پہنچ گیا ہے۔ Pic 5 and 6
نوٹ : اس فیچر کے لیے موبائل بچے کے پاس ہونا ضروری ہے۔
6۔ بونس ٹائم: اگر بچہ اچھا کام کرے اور آپ خوش ہو کر اسے مزید 15 یا 30 منٹ دینا چاہیں، تو ایک کلک سے 'Bonus Time' دے سکتے ہیں۔ Pic 7
7۔ کتنا ٹائم موبائل استعمال کیا: آپ یہ دیکھ سکتے ہیں کہ بچے نے آج کتنا موبائل استعمال کیا۔ اس پر کلک کر کہ آپ پچھلے دن کا بھی دیکھ سکتے ہیں کہ کتنے ٹائم موبائل استعمال کیا اور یہ بھی چیک کر سکتے ہیں کہ کون سی ایپ یا گیم کتنی دیر استعمال کی۔ Pic 8 and 9
8۔ فلٹرنگ: آپ یوٹیوب اور گوگل سرچ پر غیر اخلاقی مواد کو بلاک کر سکتے ہیں۔ آپ یہ سیٹ کر سکتے ہیں کہ بچہ کون کون سی ویب سائٹ دیکھ سکے اور کون کون سی نہ دیکھے۔ سب سے اہم یوٹیوب پر شارٹس کا ٹائم سیٹ کر سکتے ہیں یا مکمل بند کر سکتے ہیں۔ Pic 10, 11 and 12
9۔ موبائل انلاک: آپ بچے کے موبائل کو اپنا پاسورڈ دے کر انلاک کر سکتے ہیں۔ لیکن اگر انٹرنیٹ نہیں ہے تو آپ ایک کوڈ(جو والدین کے موبائل میں نظر آئے گا) کو اینٹر کر کہ بھی بچے کا موبائل انلاک کر سکتے ہیں۔ Pic 13
10۔ موبائل ڈھونڈنا: اگر بچے کا موبائل گھر میں مل نہ رہا ہو تو آپ موبائل پر بیل دے سکتے ہیں موبائل پر اونچی آواز میں گھنٹی بجنے لگے گی جس سے موبائل مل جائے گا۔Pic 14
انسٹال اور سیٹ اپ کرنے کا طریقہ:
فیملی لنک کو چلانے کے لیے دو ایپس استعمال ہوتی ہیں: ایک والدین کے لیے اور دوسری بچوں کے لیے۔
پہلا مرحلہ: والدین کا موبائل
اپنے موبائل میں پلے اسٹور سے Google Family Link ڈاؤن لوڈ کریں۔
اسے اوپن کریں اور اپنی اس گوگل آئی ڈی (Gmail) سے لاگ ان کریں جو آپ عام طور پر استعمال کرتے ہیں۔
سیٹ اپ کے دوران آپ سے پوچھا جائے گا کہ یہ موبائل کس کا ہے، تو 'Parent' کا انتخاب کریں۔ Pic 15
دوسرا مرحلہ: بچے کا موبائل
بچے کے موبائل میں جائیں اور سیٹنگز میں Google > Family Controls تلاش کریں یا وہاں بھی فیملی لنک کی ایپ ڈاؤن لوڈ کر لیں۔ Pic 16
وہاں 'Child or Teen' کا انتخاب کریں۔
اب اپنے (والدین کے) موبائل سے ایک 'Family Code' جنریٹ ہوگا، وہ بچے کے موبائل میں درج کریں۔
بچہ جس گوگل آئی ڈی سے موبائل چلا رہا ہے، اسے اپنی فیملی میں شامل کر لیں۔
تیسرا مرحلہ: کنٹرول شروع کریں
اب بچے کا موبائل آپ کے فون سے لنک ہو چکا ہے۔ اب آپ اپنے موبائل سے ہی دیکھ سکتے ہیں کہ وہ کون سی ایپ کتنی دیر استعمال کر رہا ہے اور وہیں سے تمام پابندیاں لگا سکتے ہیں۔
چند ضروری سوالات کے جوابات:
کیا بچہ اسے ڈیلیٹ کر سکتا ہے؟ جی نہیں! جب تک والدین کی اجازت (پاسورڈ) نہ ہو، بچہ اس ایپ کو ان انسٹال نہیں کر سکتا۔
کیا موبائل ری سیٹ ہو سکتا ہے؟ بالکل نہیں! فیملی لنک لگنے کے بعد موبائل کو فیکٹری ری سیٹ کرنا بھی ناممکن ہو جاتا ہے۔
اگر موبائل لاک ہو جائے تو؟ لاک ہونے کی صورت میں صرف ایمرجنسی کالز ہو سکیں گی یا پھر وہ پاسورڈ چلے گا جو آپ (والدین) کے پاس ہوگا۔
آخری بات: ٹیکنالوجی سے ڈریں نہیں، اسے استعمال کرنا سیکھیں۔ اپنے بچوں کو وقت کے جدید تقاضوں سے دور رکھنا حل نہیں، بلکہ انہیں محفوظ طریقے سے ٹیکنالوجی کا استعمال سکھانا ہماری ذمہ داری ہے۔
اگر آپ کو سیٹ اپ کے دوران کوئی مشکل پیش آئے یا کوئی بات سمجھ نہ آئے، تو کمنٹس میں ضرور پوچھیں۔
ٹیکنالوجی، موبائل اور کمپیوٹر سے متعلق مزید معلوماتی تحریروں کے لیے مجھے فالو کرنا نہ بھولیں۔