22/09/2026
آئیے آپ کو سرکاری ہسپتال کی حقیقی سیر کراتا ہوں!
آپ کو بخار ہوا، آپ سرکاری ہسپتال آگئے، ٹوکن والی لائن میں لگے، اتنی لمبی لائن میں آدھا گھنٹہ کھڑے رہے پھر آپ کی ٹوکن کی باری آئ، پھر آپ ڈاکٹر کے کمرے کے باہر پہنچے، وہاں شدید رش تھا، کافی دیر بعد کمرے کے اندر گئے تو کمرے کے اندر بھی 10-15 لوگ ڈاکٹر کے اردگرد پرچیاں پکڑ کر کھڑے ہیں
اتنے لوگوں کی بھیڑ میں خواتین مریض بھی ہیں، خواتین نے بھی چیک اپ کرانا ہے،خواتین بھی اپنا مسئلہ مردوں کی بھیڑ میں بتائیں گی، ڈاکٹر اگر ایک مریض کو 3 منٹ چیک کرتا رہے تو کمرے میں موجود باقی مریض غصے سے لال پیلے ہو رہے ہوتے ہیں اور ان کا صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہوتا ہے،بار بار اپنی پرچیاں آگے کررہے ہوتے ہیں، کسی مریض سے 5 سے زیادہ سوال کرلیں تو باقی لوگ لڑنے پر آجاتے ہیں اور کہتے ہیں ڈاکٹر صاحب جلدی کرو اور جو لوگ کمرے کے باہر کھڑے ہوتے ہیں وہ بھی بار بار کمرے کا دروازہ کھٹکھٹاتے رہتے ہیں اور کہتے رہتے ہیں جلدی کرو۔
ایسے میں ڈاکٹر کے پاس ایک مریض کے لیے بمشکل 1 منٹ ہوتا ہے، اسی اثنا میں مریض ڈاکٹر سے من مرضی دوائ، ڈرپ اور ٹیسٹوں کے لیے ڈاکٹر سے بار بار بحث کر رہے ہوتے ہیں، ہر دوسرا مریض ڈرپ اور انجیکشن کی ڈیمانڈ کرتا ہے، ایسے میں ڈاکٹر آخری حد تک برداشت کا مظاہرہ کرتا ہے لیکن عوام کے مسلسل غلط رویے اور اتنے شدید رش میں مریضوں کی مسلسل دباو اور ہر مریض کے ساتھ مسلسل بحث کے بعد کئ بار ڈاکٹر کا صبر جواب دے جاتا ہے اور ڈاکٹر غصہ کرجاتا ہے پھر یہی لوگ ڈاکٹر کو لیکچر دے رہے ہوتے ہیں کہ ڈاکٹر بدتمیز ہے، ڈاکٹر سرکاری ہسپتال میں ڈونلڈ ٹرمپ کی طرح پیش آرہا ہے جبکہ کلینک پر یہی ڈاکٹر اتنے پیار سے پیش آتا ہے۔
قصہ مختصر آپ کو ڈاکٹر نے ٹیسٹ لکھ دئیے آپ وہ ٹیسٹ کرانے گئے تو وہاں بھی ایک لائن لگی ہوتی ہے، کافی دیر بعد آپ کو رپورٹس ملتی ہیں تو آپ جاکر ڈاکٹر کو دکھاتے ہیں، ڈاکٹر آپ کو میڈیسن لکھ کر دیتا ہے پھر آپ دوائ والی لائن میں لگتے ہیں اور اس طرح آپ کی سرکاری ہسپتال کی سیر مکمل ہوتی ہے
اب کچھ عوامی اعتراضات اور ان کا جواب:
1. سرکاری ہسپتال میں ڈاکٹر اچھی طرح چیک نہیں کرتے۔اس کی حقیقت میں نے اوپر بتا دی ہے۔
2. سرکاری ہسپتال میں ڈاکٹر ڈونلد ٹرمپ بنے ہوتے ہیں اور اپنی کلینک پر مولانا طارق جمیل۔
اس کی حقیقت یہ ہے کہ سرکاری ہسپتال میں ڈاکٹر 150+ مریض دیکھتا ہے اور کلینک پر 15 سے 20 مریض، کلینک پر مریض فیس بھی دیتے ہیں اور کمرے کے باہر آرام سے بیٹھ کے انتظار بھی کرتے ہیں اور بات بات پر جھگڑا نہیں کرتے اور نہ ہی اپنی مرضی کے علاج کی ضد کرتے ہیں جو ڈاکٹر کہتا ہے اس پر عمل کرتے ہیں اور ڈاکٹر کے آفس میں 10 سے 15 مریض بھی نہیں کھڑے ہوتے صرف ایک ہی مریض ہوتا ہے تو ڈاکٹر کے حواس بھی قائم رہتے ہیں اور وہ اچھے سے پیش آتا ہے
3. سرکاری ہسپتال میں ڈاکٹر مریضوں کو گھنٹوں لائنوں میں خوار کرتے ہیں جبکہ یہی اعتراض دوسرے اعتراض سے مطابقت نہیں رکھتا کہ ڈاکٹر اچھی طرح چیک نہیں کرتے۔
اب اگر ڈاکٹر اچھی طرح چیک کرے تو باہر مریضوں کی لمبی لائن لگ جاتی ہے اور اگر جلدی چیک کرے تو کہتے ہیں ڈاکٹر نے دھیان سے چیک نہیں کیا۔یعنی کسی حالت میں عوام خوش نہیں ہے۔
اب میں آپ کو برطانیہ کے سرکاری ہسپتال کا احوال بتاتا ہوں کہ وہاں کوئ بھی اپنی مرضی سے ہسپتال نہیں جاتا بلکہ ان کو پہلے appointment لینی پڑتی ہے پھر کچھ دن بعد ہسپتال کال کرکے اس مریض کو بلاتا ہے، اور ایک دن میں صرف ڈاکٹر 15 سے 20 مریض دیکھتا ہے،یہ میں سرکاری ہسپتال کی بات کررہا ہوں، اگر وہاں کا ڈاکٹر اتنے سے مریض دیکھے گا تو وہ اچھی طرح ہی پیش آئے گا، اس کے اعصاب جواب نہیں دیں گے، اس سے ہر دوسرا مریض ڈرپ کی ڈیمانڈ نہیں کرے گا
ہم ایک نہایت ناشکری قوم ہیں، ہمارے ہاں تو مریض کو چند گھنٹوں میں چیک کرکے فارغ کردیا جاتا ہے،ایک ڈاکٹر ایک دن میں 150 مریض دیکھتا ہے اس کے باجود ہم اس ڈاکٹر کو قصائ کہتے ہیں، انہیں کام چور اور ظالم کہتے ہیں جبکہ ڈاکٹر کو چائے پینے کا موقع بھی نہیں مل رہا ہوتا۔ہم جتنا ناشکری کرتے رہیں گے اتنا اچھے ڈاکٹرز سے محروم ہوتے جائیں گے جو کہ ہم دن بدن محروم ہورہے ہیں اور ڈاکٹرز باہر کے ممالک کا رخ کررہے ہیں
کاپی