01/05/2025
افریقہ کے دل میں واقع، سرنگیٹی نیشنل پارک 30 ہزار مربع کلومیٹر کے وسیع و عریض علاقے پر پھیلا ہوا ہے۔ اسے زمین پر جانوروں کی جنت بھی کہا جاتا ہے، جہاں قدرت اپنی تمام تر رعنائیوں کے ساتھ جلوہ گر ہے۔
یہ پارک دنیا میں شتر مرغ کی سب سے زیادہ آبادی کا مسکن ہے۔ یہاں تقریباً 70 اقسام کے 20 لاکھ چرندے، 4 ہزار شیر، 1 ہزار لیوپرڈ، 550 چیتے اور 500 سے زائد اقسام کے پرندے آباد ہیں، جو اس علاقے کو حیاتِ وحش کے شوقین افراد کے لیے جنت بناتے ہیں۔
سرنگیٹی وہ خطہ ہے جہاں دنیا کی دوسری سب سے بڑی جانوروں کی ہجرت ہوتی ہے۔ ہر سال لاکھوں وائلڈ بیسٹ، زیبرا اور ہرن اپنے کھانے اور پانی کی تلاش میں اس وسیع میدان میں ہزاروں کلومیٹر کا سفر طے کرتے ہیں۔ اس سفر میں انہیں دریاؤں کو عبور کرنا پڑتا ہے، جہاں مگرمچھ ان کے منتظر ہوتے ہیں، اور گھاس کے میدانوں میں خونخوار شکاری ان کا تعاقب کرتے ہیں۔ یہ منظر دنیا بھر کے سیاحوں کو اپنی طرف کھینچتا ہے۔
نیچے تصویر میں نظر آنے والا جانور وائلڈ بیسٹ ہے، جو اس عظیم ہجرت کا سب سے نمایاں کردار مانا جاتا ہے۔