18/06/2014
سوال: کیا وجہ ہے کہ گوگل پر کچھ لکھ کر سرچ کرنے سے وہ کمپیوٹر پر سرچ کرنے کی بانسبت زیادہ تیزی سے نتائج لے آتا ہے؟حالانکہ گوگل تو پورا انٹرنیٹ سرچ کرتا ہے جبکہ کمپیوٹر کو ایک چھوٹی سے ہارڈڈرائیو میں سے فائل تلاش کرنی ہوتی ہے۔
جواب:
یہ درست ہے کہ جب آپ اپنے کمپیوٹر پر کوئی فائل تلاش کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو اس میں خاصا وقت لگتا ہے۔ یہ وقت کئی منٹوں پر محیط ہوسکتا ہے۔ جبکہ گوگل نتائج پلک جھپکتے لے آتا ہے۔
جب آپ گوگل پر کچھ سرچ کرتے ہیں تو گوگل اسے پورے انٹرنیٹ پر تلاش کرتا نہیں پھرتا۔ بلکہ گوگل نے پورے انٹرنیٹ کا ایک انڈیکس بنا رکھا ہے۔ گوگل کے پاس سرورز کا ایک بہت بڑا نیٹ ورک ہے جو انٹرنیٹ پر موجود ہر ویب سائٹ اور ہر ویب پیج کو انڈیکس کرتے رہتے ہیں۔ انڈیکس کرنے کے اس عمل میں بہت وقت لگتا ہے ۔ لیکن ایک بار جب ڈیٹا انڈیکس ہوجائے تو اس ڈیٹا میں کوئی چیز تلاش کرنا بہت آسان ہوجاتا ہے۔ انڈیکس ایک ڈیٹا بیس ہوتا ہے جس میں ہر کی ورڈ )keyword ( اور اس سے متعلق ویب پیج موجود ہے۔ اس طرح گوگل آپ کی ٹائپ کئے ہوئے کی ورڈ کو اپنے انڈیکس میں تلاش کرتا ہے اور اس کے نتیجے میں جتنے بھی ویب پیج حاصل ہوتے ہیں، ان کے لنکس آپ کو نتائج میں دکھا دیتا ہے۔ کمپیوٹر پر چونکہ عموماً ہارڈڈرائیو انڈیکس نہیں ہوتیں، اس لئے کسی فائل کو تلاش کرنے میں خاصا وقت لگ جاتا ہے۔ لیکن اگر آپ ڈرائیوز کو انڈیکس کرلیں تو تلاش کا عمل گوگل کی طرح پلک جھپکتے ہوسکتا ہے۔ ونڈوز سیون میں کسی ڈرائیو یا فولڈر کو انڈیکس کرنے کے لئے آپ اسٹارٹ مینو کھول کر Search programs and files میں Search لکھیں۔ جو نتائج ظاہر ہوں اس میںدرج ذیل آپشنز تلاش کریں۔
… Indexing Options
… Change how Windows Searches
ان میں سے جو مل جائے اس پر کلک کریں۔ نئی کھلنے والی ونڈو میں Modify کے بٹن پر کلک کرکے مطلوبہ ڈرائیو یا فولڈر بھی انڈیکس میں شامل کرلیں۔