06/05/2026
السلام علیکم
احباب
میرے لیے باعث اعزاز امر ہے کہ میرا افسانوی مجموعہ
" وحشت دروں "
اردو ادب کے گرانقدر ومایہ ناز ادیب جناب خالد جاوید کی توجہ اپنی جانب مبذول کروانے میں کامیاب رہا
میں اس موقع پر محترم خالد جاوید صاحب کا اور محترم شاہد صاحب نایاب پبلیکیشنز، نئ دہلی، بھارت کا شکریہ ادا کرنا لازمی سمجھتی ہوں جن کی وجہ سے مجھے یہ خوشی نصیب ہوئی
دونوں احباب کا تہہ دل سے شکریہ ،
دعائیں اور نیک خواہشات
خالد جاوید صاحب کی رائے بناکم وکاست پیش خدمت ہے
""آپ کے افسانے میں نے پڑھ لیے ہیں اور مجھے پسند بھی آئے ہیں۔ آپ کی زبان میں ایک خاص قسم کا تیکھاپن ہے جو محض طنز نہیں ہے، بلکہ بیانیے میں ایک ایسے لہجے کی گونج پیدا کردیتا ہے جو ہم عصر اردو افسانے میں خال خال ہی سنائی دیتی ہے۔ یہ ساری کہانیاں اپنی مٹی اور زمین سے پیوست ہیں اور ایک مخصوص درمیانی طبقے کے گھروں کی کہانیاں ہیں۔ اس قسم کی کہانیاں لکھتے وقت دو خطرات ہمیشہ درپیش رہتے ہیں۔ پہلا تو یہ کہ مقبول عام تحریروں سے کس طرح بچا جائے اور دوسرا یہ کہ متوسط طبقے کی گھریلو زندگی بشمول عورت اور مرد کے جنسی معاملات اور ان کی منافقت کی تصویرکشی کرتے وقت عصمت چغتائی جیسی دیوزاد اور بولڈ لکھنے والی ادیبہ کے اثرات اور ان کے ادبی اور زبانی محاورے سے ہٹتے ہوئے اپنی تخلیقی زبان ایجاد کرنا۔ مجھے خوشی ہے کہ آپ ان دونوں خطرات سے اپنا دامن صاف بچا لے گئی ہیں۔ آپ نے اپنی تخلیقی زبان کی جوت جگائی ہے اور ان ساری کہانیوں میں یہ تخلیقی زبان اور اس کا تیکھاپن صاف چھلکتا ہوا نظر آتا ہے۔ میں ان عمدہ کہانیوں کے لیے آپ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔""
https://amzn.in/d/00iNwN1O
Irum Rehman